شکاگو (نیوز ڈیسک) ایک امریکی چور ایک گھر میں چوری کے دوران اس قدر شوخی پر اُتر آیا کہ لوٹ مار کے بعد وہیں کمپیوٹر پر فیس بک استعمال کرنے بیٹھ گیا اور پھر اپنا اکاﺅنٹ بند کئے بغیر ہی رفو چکر ہوگیا۔ پولیسنے اکاﺅنٹ کی مدد سے معلومات حاصل کرکے اسے دبوچ لیا۔ ریاست منی سوٹا کے شہر ساﺅتھ سینٹ پال میں نکولس وگ نامی چور شہری جیمز وڈ کے گھر میں گھس گیا اور رقم، کریڈٹ کارڈ اور قیمتی گھڑی چرا کر چلتا بنا، لیکن نکلنے سے پہلے اس 26 سالہ چور نے سوچا کہ کیوں نہ اپنا فیس بک اکاﺅنٹ ہی دیکھ لے۔ اس نے کمپیوٹر پر کچھ دیر تک فیس بک استعمال کی اور پھر لاگ آﺅٹ کئے بغیر ہی فرار ہوگیا۔ جیمز جب گھر آیا تو اس کا قیمتی سامان غائب تھا اور کمپیوٹر پر وگ کا اکاﺅنٹ کھلا تھا جبکہ یہ چور اپنی ایک پتلون، بیلٹ اور جوتے وہیں چھوڑ گیا تھا۔ جیمز نے فیس بک سے معلومات لے کر انٹرنیٹ پر عام کردیں اور اعلان کیا کہ اس شخص کے بارے میں کسی کے پاس معلومات ہوں تو رابطہ کرے۔ جیمز اس وقت حیران رہ گیا جب چور نے خود ہی اس سے رابطہ کیا اور بتایا کہ وہ اپنی چیزیں لینے کیلئے آنا چاہتا ہے۔ جیمز نے چور کو بھی بلالیا اور پولیس کو بھی، جونہی یہ بے وقوف اپنی پتلون اور جوتے لینے آیا پویس نے اسے دبوچ لیا۔ وگ نامی اس چور کے خلاف پہلے بھی مقدمات درج ہوچکے ہیں اور جرم ثابت ہونے پر اسے 10 سال قید اور20 ہزار ڈالر جرمانہ ہوسکتا ہے۔
0 comments:
Post a Comment