Sunday, 29 June 2014

رمضان المبارک میں کھجور کا استعمال کثرت سے کریں



29 جون 2014 (19:26)
رمضان المبارک میں کھجور کا استعمال کثرت سے کریں

لاہور(نیوزڈیسک)دنیا بھر میں رمضان المبارک کا آغاز ہو چکا ہے۔رمضان کے با برکت مہینے میں ہر مسلمان افطاری کے وقت  کھجور کا استعمال ضرور کرتاہے۔ کھجور کا ا ستعمال صرف سنت رسولﷺ ہی نہیں بلکہ اس کے طبی فوائد بھی بیش بہا ہیں۔ طبی ماہرین بھی کھجور کے فوائد پر متفق ہیں،کھجور کو ہمیشہ سے ہی ایک طاقت ور پھل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ اس میں موجود قدرتی اجزا ذہنی اور جسمانی کمزوریوں کے خلاف موثر ڈھال ثابت ہوتے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کھجور میں آئرن ،کیلشیم ، فاسفورس اور پوٹاشیم وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، جو نہ صرف انسانی جسم کی نشوونما کرتے ہیں بلکہ مختلف بیماریوں سے بھی حفاظت کرتے ہیں۔ یہاں ہم آپ کو کھجور کے چند اہم ترین فوائد سے روشناس کروائیں گے۔

قبض کشا: ماہرین کا کہنا ہے کہ کھجور ایک دافع قبض خوراک ہے، یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں قبض کی پریشانی میں مبتلا افراد کھجور کا بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ دافع قبض کے لئے کھجور کو رات کے وقت پانی میں بھگو کر رکھ دیں اور صبح اس پانی اور کھجور کو استعمال کرلیا جائے۔
مضبوط ہڈیاں: کھجور مختلف وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتی ہے، اس میں شامل سیلینیم، میگنشیم اور کوپر ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے۔
آنتوں کی خرابی: آنتوں میں سوزش وغیرہ جیسے امراض سے بچاﺅ کے لئے کھجور کا استعمال نہایت نفع بخش ہے۔
خون کی کمی: آئرن سے بھرپور کھجور جسم میں خون کی کمی کو پورا کرنے میں نہایت معاون ثابت ہوئی ہے۔
الرجی: کھجور کا حیران کن فائدہ موسمیاتی الرجی یا کسی دوائی کے ریکشن سے ہونے والی الرجی کے علاج میں ہے۔ کھجور میں سلفر کی موجودگی کے باعث یہ ہر قسم کی الرجی کے علاج میں نہایت فائدہ مند ہے۔
وزن بڑھانا: کھجور مٹھاس، پروٹینز اور دیگر ضروری وٹامن سے بھرپور ہوتی ہے، اور یہ سب اجزاءہمارے لاغر جسم کو مضبوط و توانا بنا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ایک کلوگرام کھجور میں تین ہزار کیلوریز ہوتی ہیں۔
اعصابی نظام: کھجور میں موجود پوٹاشیم انسانی جسم کے اعصابی نظام کو تقویت فراہم کرتا ہے۔
قوت قلب: کھجور کا مسلسل استعمال اور اس کی پسی ہوئی گٹھلیاں دل کے امراض سے نہ صرف نجات دلاتی ہیں بلکہ یہ قلب کو تقویت بھی پہنچاتی ہیں۔
جنسی کمزوری: مختلف تحقیقات نے یہ ثابت کیا ہے کہ کھجور جنسی کمزوری کو دور کرتے ہوئے مباشرت کا دورانیہ بڑھا دیتی ہے۔
اسہال: پکی ہوئی کھجور پوٹاشیم سے بھرپور ہوتی ہے اور یہ چیز اسہال پر قابو پانے میں نہایت معاون سمجھی جاتی ہے۔ لہذا اسہال یعنی دست آنے کی صورت میں کھجور کا استعمال یقینی بنائیں۔

ان تمام فوائد کو دیکھتے ہوئے امید ہے کہ آپ بھی رمضان المبارک میں کھجور کا استعمال کثرت سے کریں گے۔

--
_____In@m_____
my Love is for you
-----------------

0 comments:

Post a Comment