Saturday 30 August 2014

تمباکونوشی سے چھٹکارے کے آسان نسخے



تعلیم و صحت
 0
سڈنی (نیوزڈیسک ) دنیا میں سگریٹ نوشی کرنے والے افراد کی تعداد خطرناک حد کو چھو رہی ہے، آج دنیا بھر میں 97 کروڑ افراد سگریٹ نوشی کی لت میں مبتلا ہیں اور ہر سال لاکھوں افراد صرف اس بری لت کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ سگریٹ نوشی صرف پھیپھڑوں کے کینسر کا ہی نہیں بلکہ اندھا پن، ذیابیطس، جگر اور بڑی آنت کے کینسر کا بھی موجب ہے۔ لہذا اس بری عادت کو چھوڑنے کے بارے میں سوچیں اور اس سے خود کو بچا لیں، کیوں کہ یہ صرف آپ ہی کے لئے نہیں بلکہ آپ کے خاندان کے لئے بھی نہایت ضروری ہے۔ یہاں ہم آپ کو سگریٹ نوشی چھوڑنے کے چند مفید نسخے بتائے دیتے ہیں۔
سگریٹ نوشی چھوڑنے کی وجوہات سے آگاہی: سگریٹ نوشی ترک کرنے کے لئے سب سے پہلے آپ کو تحریک کی ضرورت ہے،یعنی آپ خود کو یہ بتا سکیں کہ سگریٹ نوشی چھوڑنا کیوں ضروری ہے۔ تو اس کے لئے آپ یہ سوچ سکتے ہیں کہ سگریٹ نوشی چھوڑ کر میں صرف خود کو ہی نہیں بلکہ اپنے گھر والوں کی صحت کو بھی محفوظ بنا سکتا ہوں۔ پھیپھڑوں کا کینسر آپ کو خوفزدہ کر سکتا ہے یا کم عمر میں کمزور اور بوڑھے دکھائی دینے جیسے احساسات آپ کو اس بری لت کو چھوڑنے پر آمادہ کر سکتے ہیں۔
فوری فیصلہ: تمباکو نوشی ترک کرنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ اس کے بارے میں صرف سوچتے ہی نہ رہیں، بلکہ ایک ٹاس کی طرح فوری فیصلہ کریں کہ میں آج سے سگریٹ نوشی چھوڑ رہا ہوں۔
نیکوٹین کا نعم البدل: سگریٹ میں نیکوٹین (ایک خاص کیمیکل یا زہر) پایا جاتا ہے،جو ایک طرح کا نشہ ہوتا ہے، جسے فوری طور پر ترک کرنے سے ڈپریشن اور مایوسی جیسے کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔ تو اس صورت میں نیکوٹین والی چیونگم جیسے متبادل ذرائع کو استعمال کرنا بہتر ہے۔
ترکِ تمباکو ادویات: اگر آپ نیکوٹین والی چیونگم وغیرہ استعمال نہیں کرنا چاہتے تو اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں، جو آپ کو چند ایسی ادویات تجویز کرے گا، جن کے استعمال سے ترک تمباکو میں سہولت ہو سکتی ہے۔
تنہا نہ رہیں: اپنے دوستوں، گھروالوں اور آفس میں کام کرنے والے دیگر افراد کو بتائیں کہ آپ سگریٹ نوشی چھوڑنے جا رہے ہیں، تو اس ضمن میں ان کا تعاون آپ کے لئے حوصلہ افزاءہو گا۔ تنہا نہ رہیں بلکہ ان سب افراد میں سے کسی نہ کسی کے ساتھ ضرور جڑے رہیں تاکہ تنہائی میں آپ دوبارہ اس لت کی طرف راغب نہ ہو جائیں۔
ذہنی دباﺅ اور مساج: سگریٹ نوشی کے استعمال کی ایک وجہ ذہنی دباﺅ کی حالت میں آرام محسوس کرنا بھی ہے، اور اگر آپ سگریٹ چھوڑتے ہیں، تو فوری طور پر ڈپریشن کا شکار ہو سکتے ہیں تو ایسی صورت میں مساج کی عادت اپنائیں۔
الکوحل سے پرہیز: سگریٹ نوشی ترک کرنے کے لئے ضروری ہے کہ آپ الکوحل سے بھی دور رہیں، کیوں کہ الکوحل آپ کو تمباکو نوشی کی طرف مائل کرتا ہے۔ تو الکوحل کو بھی چھوڑ دیں اور اگر نہیں چھوڑ سکتے تو کم از کم اتنے دن کے لئے ضرور چھوڑ دیں، جب تک آپ تمباکو نوشی ترک کرنے کی عادت پر مکمل عبور نہ حاصل کر لیں۔
ان کے علاوہ گھر کی صفائی پر دھیان دیں تاکہ ان میں سے تمباکو کی بو نہ آئے، تمباکو نوشی ترک کرنے کی کوششیں مسلسل جاری رکھیں، سیر کی عادت کو ضرور اپنائیں، پھل اور سبزیوں کے استعمال پر خصوصی توجہ دیں، سگریٹ نوشی ترک کرنے کی صورت میں ہونے والی پیسے کی بچت اور اچھی صحت کو خاص اہمیت دیں۔

0 comments:

Post a Comment