واشنگٹن (نیوز ڈیسک) آپ نے یہ مشہور بات تو سن رکھی ہوگی کہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے لیکن ایک تازہ سائنسی تحقیق نے بتادیا ہے کہ وہ عورت کس طرح کی ہوتی ہے۔
امریکی ریاست میسود ی کی واشنگٹن یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے آسٹریلیا میں کئے گئے ایک اقتصادی اور سماجی سروے سے حاصل ہونے والی معلومات کا تجزیہ کیا اور 4,544 شادی شدہ جوڑوں کے سماجی حالات اور مردوں کی کاروبار اور ملازمت میں کامیابی کا مطالعہ کیا۔ اس تحقیق سے ثابت ہوا کہ کاروبار اور ملازمت میں کامیاب مردوں کی کامیابی کا راز باضمیر، ثابت قدم اور مستقل مزاج بیویاں ہیں اگرچہ وہ بہت دلچسپ شخصیت کی مالک نہ بھی ہوں۔
عموماً مرد ایسی خواتین کے پیچھے بھاگتے دیکھے گئے ہیں جو دلکشی اور انفرادیت میں نمایاں مقام رکھتی ہوں اور ذہانت و فطانت اور اندازو اطوار کو بھی اہمیت دی جاتی ہے۔
اس کے بر عکس سائنسدانوں نے دریافت کیا کہ خاتون کی سادہ مزاجی، مستقل مزاجی اور گھریلو کاموں کو اہتمام و انصرام سے کرنا وہ خوبیاں ہیں جو ان کے خاوندوں کو عملی زندگی میں کامیاب بناتی ہیں۔ اس تعلق کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اگر خاتون گھر کو احسن طریقے سے سنبھالے اور مرد کو اس کی طرف سے کوئی ذہنی و جسمانی پریشانی نہ ہو تو اس کا بہت مثبت اثر ہوتا ہے۔ یہ مرد خانگی زندگی کے تفکرات سے آزاد ہوکر اپنے کام پر بھرپور توجہ دے سکتے ہیں اور ذہنی اطمینان کی وجہ سے ان کی کارکردگی بھی دیگر مردوں سے زیادہ ہوتی ہے۔یہ ذہنی طورپر زیادہ خوش اور مطمئن ہوتے ہیں اور انہیں ملازمت میں ترقی ملنے کا امکان بھی زیادہ ہوتا ہے۔
0 comments:
Post a Comment